Header Ads Widget

عقلمند اور سمجھدار انسان کیسے بنیں؟

 عقلمند اور سمجھدار انسان کیسے بنیں؟

اللہ تعالی نے عقل کا مادہ ہر انسان میں ودیعت فرمایا ہے؛ تاہم بہت سے افراد اس کا درست استعمال نہیں کرتے ہیں جس کی بنا پر ان کی عقل زنگ آلود ہو جاتی ہے اور وہ زندگی کے مشکل مراحل میں صحیح فیصلے لینے سے قاصر رہتے ہیں، اس تحریر کے ذریعے ہم آپ کو چند ایسی مفید تجاویز پیش کریں گے جن سے آپ اپنی عقل کا کامل استعمال کرنا سیکھ جائیں گے۔

عقلمند اور ذہین انسان کیسے بنیں؟ یہ سوال در حقیقت وہی انسان کرتا ہے جو اپنی عقل کا صحیح استعمال کرنا چاہتا ہے؛ ورنہ بے وقوف لوگ تو اپنی حماقت میں ہی جینا پسند کرتے ہیں، اگر آپ کے ذہن میں بھی یہ سوال ہے کہ عقلمند کیسے بنیں تو تحریر مکمل ضرور پڑھیں ان شاءاللہ آپ کو مایوسی نہیں ہوگی اور ضرور کوئی نہ کوئی حکمت عملی آپ کے ہاتھ لگ جائےگی۔

عقلمند اور سمجھدار انسان کیسے بنیں




غور و فکر کرنا سیکھیں

1. ایک ذہین و عقلمند انسان کی یہ خاصیت ہوتی ہے کہ وہ جذبات میں آکر کسی چیز کا فیصلہ نہیں کرتے ہیں؛ بلکہ وہ وقت لیتے ہیں ٹھنڈے دماغ سے غور و فکر کرتے ہیں اور اس فیصلے کے نتائج تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اس فیصلے سے کیا مثبت و منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، اس کا کامل ادراک ہو جانے کے بعد ہی فیصلہ لیتے ہیں؛ لہذا آپ کو بھی چاہیے کہ جلد بازی اور جذبات میں آکر فیصلے نہ کریں؛ بلکہ غور و فکر اور سوچ بچار کرکے ہی فیصلہ کریں۔


اپنا کام خود کریں

2. عقلمند اور ذہین انسان دوسروں پر منحصر نہیں ہوتے ہیں وہ اپنا کام از خود انجام دیتے ہیں، بیوقوف لوگ چھوٹے چھوٹے کاموں میں بھی دوسروں کے محتاج ہو جاتے ہیں حتی کے بازار بھی جانا ہو تو تنہا اور اکیلے جانے سے کتراتے ہیں؛ لہذا اپنے اندر ذہانت و عقلمندی پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اپنے تمام کام از خود انجام دیں، دوسروں پر ہرگز منحصر نہ رہیں۔


فیصلے لینا سیکھیں

3. اگر آپ عقلمندوں کی فہرست میں آنا چاہتے ہیں تو آپ کے اندر فیصلے لینے کی اہلیت ضرور ہونی چاہیے، اگر آپ بات بات پر دوسروں کی رائے اور مشورے کے محتاج ہیں تو آپ کو مزید سیکھنے کی ضرورت ہے؛ تاکہ آپ اپنی زندگی کے فیصلے خود کر سکو، اس کا قطعا یہ مطلب نہیں کہ میں مشورہ کی افادیت کے خلاف ہوں؛ بلکہ مقصود فقط یہ بتلانا ہے کہ دوسروں کی آرا کا محتاج نہیں ہونا چاہیے۔


غلطیوں سے سیکھیں

4. انسان خطا و نسیان کا پیکر ہے؛ چناں چہ غلطیوں کا صادر ہونا ہوئی تعجب خیز امر نہیں ہے؛ بلکہ غلطیوں پر اصرار کرنا اور ان کے سیکھنے کی بجائے خود کو ہدف ملامت بنانا حماقت ہے،عقلمند انسان اپنی غلطیوں پر ماتم اور نوحہ خوانی نہیں کرتا؛ بلکہ وہ اپنی زندگی کا ایک سبق سمجھ کر اس سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہے۔لہذا اپنی غلطیوں پر اصرار سے بچیں ان سے سیکھیں اور عقلمندی کا مظاہرہ کریں۔


کچھ کرنے سے قبل انجام کے متعلق سوچیں

5. کسی بھی کام کی انجام دہی قبل اس کے نتائج اور انجام کے متعلق سوچیں کہ اس کام کے کیسے مثبت و منفی اثرات ظاہر ہونے کے امکانات ہیں؛ ورنہ اگر جذبات کی رو میں بہہ کر بلا سوچے سمجھے کام کو انجام دیا گیا تو بعد میں کف افسوس ملنے اور اظہار تأسف کے سوا کوئی چارہ نہ ہوگا، عقلمندی کا تقاضا یہ ہے سوچ سمجھ کر اقدام کیا جائے؛ تاکہ بعد میں پچھتانا نہ پڑے۔


سوچ سمجھ کر گفتگو کریں

6. عقلمند انسان منھ پھٹ نہیں ہوتا ہے، زیادہ بولنے کے عادی نہیں ہوتے ہیں؛ بلکہ اکثر اوقات خاموش رہتے ہیں یا ایسے مواقع پر بولتے ہیں جہاں بولنا خاموشی سے بہتر ہوتا ہے، اور وہ بولتے بھی سوچ سمجھ کر ہیں، یہ نہیں کہ جو من کیا بک دیا، ان کا طریقۂ کار یہ ہوتا ہے کہ پہلے وہ سامنے والی کی بات کو بغور سنتے ہیں پھر اس کے مطابق جواب دیتے ہیں؛ لہذا آپ کو بھی چاہیے کہ زیادہ بولنے سے گریز کریں اور جب بھی بولیں سوچ سمجھ کر بولیں کہ آپ کی بات کا سامع پر کیسا اثر پڑےگا۔

اسے بھی پڑھیں!  کم بولنے کی عادت کیسے ڈالیں؟


کتابوں کا مطالعہ کریں

7. دنیا کے کامیاب ترین افراد کی فہرست اٹھاکر ان کے یومیہ معمول کو دیکھیے آپ پائیں گے کہ وہ سب کے سب مطالعہ و بینی کے رسیا تھے، مطالعہ کی وجہ سے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت میں نکھار پیدا ہوتا ہے، عقل و شعور بیدار ہوتا ہے، کتابیں علم و دانش کے جواہر سے بھری پڑی ہیں؛ لہذا اس سے استفادہ کرنے میں پیچھے نہ ہٹیے۔

اسے بھی پڑھیں!  مطالعہ میں دل کیسے لگائیں؟

انٹرنیٹ کا صحیح استعمال کریں

8. اگر کتابیں نہیں پڑھ سکتے ہیں تو انٹرنیٹ پر ایسے مضامین پڑھیے یا ویڈیوز دیکھیے جو حوصلہ افزا ہوتے ہیں، جن سے عقل روشن ہوتا ہے اور ذہن کی گرہیں کھلتی ہیں، فکر و تدبر کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے، موبائیل کو لغویات و لہویات میں استعمال کرنے کی بجائے ان مفید کاموں میں استعمال کیجیے۔


سوال کرنے میں عار محسوس نہ کریں

9. اگر کسی چیز کی بابت آپ کو علم نہیں ہے تو جاننے والے سے نہایت ادب و احترام کے ساتھ سوال پوچھیے، اس معاملے میں عار، شرم یا خجالت ہرگز محسوس نہ کیجیے، جو لوگ کسی فن میں ماہر اور تجربہ کار ہوں ان کی صحبت سے فائدہ اٹھائیے۔

یہ بھی پڑھیں: اپنے اندر خود اعتمادی کیسے پیدا کریں؟


ہم امید کرتے ہیں کہ آپ کو ”عقلمند اور سمجھدار کیسے بنیں“ کے تعلق سے یہ تحریر پسند آئی ہوگی!   [منجانب تادیب]

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے