Header Ads Widget

اپنے اندر خود اعتمادی کیسے پیدا کریں؟

 اپنے اندر خود اعتمادی کیسے پیدا کریں؟


اپنے اندر خود اعتمادی کیسے پیدا کریں



خود اعتمادی کی دولت کھو بیٹھنا، مایوسی کا شکار ہو جانا، امید و رجائیت کی شمع بجھا دینا اور خود کو ایک شکست خوردہ انسان تصور کرنا انسان کی بہت بڑی کمزوری ہے جو اس کی کامیابی کی راہ میں حائل ہے، یہ ایسی بیماری ہے جو انسان کے اندر سے کچھ کر گزرنے کے حوصلے، جذبے اور لگن کو ختم کر دیتی ہے۔
یہ فی الواقع ایک ذہنی بیماری ہے جسے Self-Esteem کہا جاتا ہے، جب انسان اس کے لپیٹے میں آتا ہے تو اس کی خود اعتمادی مایوسی میں تبدیل ہونے لگتی ہے اور انسان خود کو نہایت کمزور، بےکار اور ناکام انسان تصور کرنے لگتا ہے، جس کے نتیجے میں وہ کوئی جرات مندانہ اقدام کی کوشش تک نہیں کرتا، ایسے لوگ لوگوں سے ہمکلامی کے دوران جھجھک محسوس کرتے ہیں، ان کے اندر ڈر اور ایک قسم کا خوف ہوتا ہے۔
یاد رکھیے! کامیابی اور خود اعتمادی میں گہرا ربط ہے، انسان کامیاب زندگی سے اسی وقت لطف اندوز ہو سکتا ہے جب اس کا دل خود اعتمادی کی دولت سے لبریز ہو اسے اپنی ذات پر کامل یقین اور بھروسہ ہو؛ ورنہ احساس کمتری میں جینا بھلا کیا جینا ہے؟


اپنے اندر خود اعتمادی کیسے پیدا کریں؟

اپنے اندر خود اعتمادی کیسے پیدا کریں؟“ اس کے تعلق سے چند ایسی تجاویز اور نکات حوالۂ قلم کر رہے ہیں جن پر عمل پیرا ہونے سے انسان کے اندر خود اعتمادی کی دولت لوٹ آتی ہے۔


آہستہ نہ بولیں

1. جن لوگوں میں خود اعتمادی مفقود ہوتی ہے وہ اکثر دھیمی گفتگو کرتے ہیں، انھیں یہ خطرہ لاحق رہتا ہے کہ مخاطب انھیں ان کی بات پر ٹوک نہ دے یا ان کا مذاق نہ اڑا دے۔
ایسے لوگ کسی مجمع میں گفتگو کرنے سے کتراتے ہیں، انھیں لگتا ہے کہ ان کی ذات کی لوگوں کے درمیان کوئی وقعت نہیں ہے؛ لہذا اگر آپ اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کرنا چاہتے ہیں تو پر اعتماد ہوکر گفتگو کرنے کی عادت ڈالیں دورانِ گفتگو اپنا لہجہ معتدل اور باوقار رکھیں، گھبرانے کی عادت چھوڑیں گے تبھی خود اعتمادی حاصل ہوگی۔

نظر جھکاکر بات نہ کریں

2. جن لوگوں میں کانفیڈنس نہیں ہوتا ہے وہ لوگوں کی نظروں سے نظریں ملاکر بات کرنے کی تاب نہیں رکھتے ہیں، جس سے مخاطب کو بھی اندازہ ہو جاتا ہے کہ اس شخص میں خود اعتمادی نہیں ہے؛ لہذا جب بھی کسی سے کلام کریں تو کسی قسم کی جھجھک محسوس نہ کریں؛ بلکہ مخاطب کی نظروں سے نظریں ملاکر بات کریں، اس کی وجہ سے مخاطب پر آپ کی شخصیت کا اچھا اثر ظاہر ہوگا اور آپ میں خود اعتمادی کی دولت پیدا ہوگی۔

اپنی صلاحیت بڑھائیں

3. ہر دن کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کریں؛ کیوں کہ جب آپ پاس زیادہ صلاحیتیں ہوں گی تو از خود آپ کی شخصیت میں نکھار پیدا ہوگا اور خود اعتمادی بھی پیدا ہوگی؛ لہذا نئے نئے ہنر کو آزمانے اور سیکھنے کا تسلسل جاری رکھنا چاہیے؛ تاکہ جب کبھی کسی مجمع میں کسی موضوع پر گفتگو ہو رہی ہو تو وہ موضوع آپ کو نامانوس نہ لگے اور آپ کو سبکی کا احساس نہ ہو۔


لوگوں کی باتوں کو نظرانداز کریں

4. جنھیں خود پر یقین و اعتماد ہوتا ہے وہ لوگوں کی باتوں اور طعنوں کی قطعا پروا نہیں کرتے ہیں، وہ یہ نہیں سوچتے کہ فلاں کام کریں گے تو لوگ کیا کہیں گے، جو لوگوں کی باتوں کی پروا کرتے ہیں وہ زندگی میں کوئی اونچا منصب یا مقام ہرگز حاصل نہیں کر سکتے ہیں؛ لہذا آپ کو چاہیے کہ لوگوں کے تمسخر، استہزا اور طعنوں سے بےپروا ہوکر اپنے کام سے کام رکھیں، لوگوں کا کام ہی باتیں بنانا اور آپ کی کامیابی کی راہ میں روڑا ڈالنا ہے۔
اگر آپ کے دل میں لوگوں کی بےجا باتوں کا کوئی اثر نہیں ہوتا تو یقین جانیے آپ میں خود اعتمادی پیدا ہو چکی ہے اور آپ زندگی میں اپنے مقاصد کو پا سکتے ہیں۔


اپنے مخصوص فن پر توجہ دیں

5. ہر فن اور ہر میدان میں کمال حاصل کرنا ممکن نہیں ہے، آپ کو چاہیے کہ آپ بس اپنے مخصوص کام میں کمال حاصل کرنے کی کوشش کریں۔
بہت سے لوگ کسی کام کو اچھی طرح سے انجام دے رہے ہوتے ہیں پھر جب کسی دوسرے کام میں ہنر آزمائی کرتے ہیں تو انھیں وہ مہارت حاصل نہیں ہو پاتی ہے جو ہونی تھی؛ چناں چہ وہ اس کی وجہ سے اپنی خود اعتمادی کو کھو بیٹھتے ہیں۔
لہذا آپ کو ایسا نہیں کرنا ہے؛ بلکہ جس کام میں آپ پرفیکٹ ہیں اسی میں ترقی حاصل کرنے کی کوشش کریں۔

ناکامی کا خوف نہ کریں

6. ناکامی کا ڈر انسان کو کامیابی سے روک دیتا ہے؛ لہذا کسی بھی اقدام کو کرنے کے لیے اولا فیل اور ناکام ہونے کا خطرہ دل سے نکال دیں؛ کیوں کہ جب دل میں ناکامی کا ڈر بیٹھ جائےگا تو پھر خود اعتمادی پیدا نہیں ہو پائےگی، اگر آپ کو اپنی ذات پر اعتماد ہے تو جو کام آپ کو اپنے حق میں بہتر لگے اسے انجام دے دیں اور نتیجہ اللہ رب العزت کے حوالہ کردیں۔

کامیاب افراد سے سیکھیں

7. جن لوگوں نے زندگی میں کامیابی حاصل کی ہے ان کی اتباع آپ کو بھی کامیاب بنا سکتی ہے؛ لہذا ان کی زندگی کو اپنے لیے نمونہ اور مشعل راہ بنائیں ان کے تجربات سے سیکھنے کی کوشش کریں، نیز ایسے کامیاب افراد کی زندگی کا مطالعہ کرنے سے آپ کے اندر بھی کامیابی کی لگن، تڑپ، شوق اور جذبہ پیدا ہوگا۔

اپنی کمیاں ظاہر نہ ہونے دیں

8. یاد رکھیے اس دنیا میں ہر کوئی ویسا نہیں ہوتا جیسا وہ خود کو ظاہر کرتے ہیں، ہر کسی کے اندر عیوب ہوتے ہیں؛ لیکن وہ اپنا عیب ظاہر نہیں ہونے دیتے ہیں؛ آپ بھی لوگوں سے ملاقات و گفتگو کے دوران ایسا برتاؤ کریں جس سے سامنے والے کو آپ کی شخصیت میں کوئی کمی نظر نہ آئے اور اسے لگے کہ آپ میں خود اعتمادی اور کانفیڈنس ہے اور آپ ایک کامل انسان ہیں۔
 

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے