Header Ads Widget

رد الحاد و دہریت پر اردو زبان میں لکھی گئی کتب

 رد الحاد و دہریت پر اردو زبان میں لکھی گئی کتب


رد الحاد و دہریت پر اردو زبان میں لکھی گئی کتب


از: حسیب احمد حسیب

اکثر یہ سوال ہوتا ہے کہ رد الحاد پر اردو زبان میں لکھی گئی کتب شریک کی جائیں گو کہ میں اسے مفید نہیں سمجھتا بنیادی سطح پر جب تک ہم تین امور سے واقف نہیں ہو جاتے ہمیں ان عنوانات کو نہیں پڑھنا چاہیے۔


اول اسلامی عقائد کسی مستند عالم دین کی نگرانی میں پڑھے جائیں۔

دوم نبی کریم ﷺ کی سیرت مبارکہ اصحاب رسول رض اور سلف صالحین کی سوانحات مطالعے میں رکھی جائیں۔

سوم قرآن و سنت کے منتخب عنوانات باقاعدہ سیکھے جائیں۔


اس کے بعد الحاد کے پیچھے موجود لامذہبی نظریات کا مطالعہ ضروری ہے جن میں مادیت ، تشکیک ، انسانیت پرستی ، سائنس پرستی ، تجدد پسندی ، جدیدیت ، لبرلزم ، سیکولرزم ، انکار حدیث ، دفاع ناموس رسالتﷺ و اہل بیت اور امہات المومنین علیہم السلام ، دفاع صحابہ رض وغیرہ۔


پھر باری آتی ہے الحاد کے اس پہلو کی کہ جس کا تعلق دہریت کے ساتھ یعنی انکار خدا کے ساتھ ہے اس کے بھی دو بنیادی دائرے ہیں۔

اول ماہرین اس سے پہلے علم الکلام اور فلسفے کے بنیادی موضوعات کا ضرور مطالعہ کریں۔

ددوم عام طالب علم ایسی مفید کتابوں کا مطالعہ کریں کہ جو فکری اعتبار سے الحاد و دہریت کے خلاف ان کی ذہن سازی کر سکیں۔


یہاں پر ہم عام طالب علموں کیلیے چند کتب کی فہرست پیش کررہے ہیں۔


1۔ اسلام اور عقلیات (شرح الانتباہات المفیدۃ عن الاشتباہات الجدیدۃ)

یہ مولانا اشرف علی تھانویؒ کے معروف رسالے الانتباہات  کی شرح ہے جسے مولانا مصطفٰی خان بجنوری رح نے ترتیب دیا ہے اس کتاب میں حضرت تھانویؒ نے جدید علم الکلام کا عطر نکال کر رکھ دیا ہے اور الحادی فکر کی بنیادوں پر گفتگو کی ہے۔


2۔ الدین القیم

یہ سید مناظر احسن گیلانیؒ کی شاہکار کتاب ہے کہ جس میں دین کے مابعد الطبیعیاتی امور پر سیر حاصل گفتگو کی گئی ہے۔


3۔ علم الکلام

اس عنوان پر بہت سے لوگوں نے کتب لکھی ہیں لیکن الحادی طرز فکر کے تناظر میں مولانا ادریس کاندھلویؒ کی یہ کتاب ایک شاہکار ہے۔

4۔ لا مذہبی دور کا تاریخی پس منظر

مولانا محمد تقی الدین امینیؒ کی یہ کتاب لامذہبی افکار و تہذیب کے تاریخی پس منظر کی بابت ایک شاندار مطالعہ ہے۔


5۔ جدیدیت

پروفیسر حسن عسکری مرحوم یہ یہ کتاب لامذہبی افکار و تہذیب کا ایک اجمالی خاکہ ہے اسے اگر کسی مستند استاد سے پڑھا جائے تو یہ انتہائی مفید رہے گی۔


6۔ تالیفات عثمانی علامہ شبیر احمد عثمانی۔

علامہ شبیر احمد عثمانیؒ کے رسائل کا یہ مجموعہ دور جدید کے عقل پرستوں کیلیے انتہائی مفید ثابت ہوگا اس میں اسلام کے ان امور کی بابت شاندار گفتگو ہے کہ جن پر دور جدید کا ذہن اعتراضات اٹھاتا ہے۔

7۔ تنقیحات

یہ سید مودودی مرحوم کا رسالہ ہے اور جدید مغربی فکر و تہذیب کے مبادیات کو سمجھنے کیلیے انتہائی مفید ہے۔


8۔ کیا خدا ہے ؟ ہاں خدا ہے !

یہ مفتی عبد الحکیم سکھرویؒ کے دو رسائل ہیں کہ جو خاص اس عنوان پر انتہائی مفید ہیں ان کے مطالعے سے وجود باری تعالیٰ کی بابت بہت سے بنیادی امور کی وضاحت ہو جاتی ہے۔

9۔ انسانی دنیا پر مسلمانوں کےعروج وزوال کا اثر

10۔ معرکہ ایمان ومادیت

11۔ مسلم ممالک میں اسلامیت اور مغربیت کی کشمکش


یوں تو سید ابو الحسن علی ندویؒ کی تمام ہی کتب طالبان علم کیلیے انتہائی مفید ہیں لیکن خاص اس عنوان پر الحاد و دہریت کے خلاف کام کرنے والے طالب علموں کیلیے ان تین کتب کا مطالعہ انتہائی ضروری ہے۔


12۔ سائنسی میدان میں مسلمانوں کا عروج و زوال

13۔ اسلام اور جدید سائنس

14۔ قرآن مجید اور دنیائے حیات جدید سائنس کی روشنی میں چند حقائق


مولانا شہاب الدین ندویؒ کی یہ کتب الحاد و دہریت کے باب میں سائنس پرستوں کے اعتراضات کے حوالے سے انتہائی مفید ہیں۔


15۔ تشکیل جدید الٰہیات اسلامیہ

علامہ اقبال مرحوم کے ان خطبات کو سید نذیر نیازی مرحوم نے جمع فرمایا تھا الحاد و دہریت کے پس پشت فلسفیانہ افکار کی بابت یہ انتہائی مفید مطالعہ ہے۔

16۔ مذہب اور جدید چیلنج

17۔ مذہب اور سائنس

18۔ سوشلزم اور اسلام

اپنی تمام تر فکری بے راہ روی کے باوجود مغرب کے مقابل دین کے مقدمے کو  لیکر وحید الدین خان صاحب نے چند اچھے رسائل لکھ رکھے ہیں جن کا مطالعہ ابتدائی درجے کے طالب علموں کیلیے مفید ہو سکتا ہے لیکن ان کے دیگر افکار و نظریت سے دور رہا جائے تو بہتر ہے۔


19۔ الحاد مغرب اور ہم

اپنے ابتدائی فکری دور میں ڈاکٹر غلام جیلانی برق مرحوم تجدد اور انکار حدیث کی وادیوں میں سر مارتے رہے بعد ازاں توبہ کی اصول حدیث پر ایک کتاب لکھی ابن تیمیہؒ کی سوانح لکھی اور الحاد و دہریت کے عنوان پر یہ انتہائی مفید کتاب تحریر فرمائی۔


20۔ روسی الحاد (پس منظر و پیش منظر)

مولانا الطاف الرحمان بنوی صاحب کی یہ کتاب خاص اس عنوان پر انتہائی مفید شمار کی جا سکتی ہے۔


21۔ نظریاتی جنگ کے اصول

22۔ نظریاتی جنگ کے محاذ

مولانا اسماعیل ریحان صاحب دور جدید کے ایک معروف عالم دین اور مورخ ہیں ان کی یہ دو کتب خاص اس عنوان پر انتہائی مفید شمار کی جا سکتی ہیں۔

23۔ وجود باری تعالیٰ۔ فلسفہ، سائنس اور مذہب کی روشنی میں

ڈاکٹر حافظ محمد زبیر صاحب کی یہ کتاب خاص اس عنوان پر انتہائی مفید ہے۔


24۔ اسلام اور سیکولرزم

سیاسی افکار کے دائروں میں علامہ یوسف القرضاوی مرحوم کی یہ کتاب انتہائی مفید ہے۔


25۔ سیکولرزم 

ڈاکٹر سفر الحوالی صاحب کی یہ کتاب مغرب میں الحادی فکر کی تاریخ اور اس کے سیاسی اثرات کو سمجھنے کیلیے انتہائی مفید شمار کی جا سکتی ہے۔


26۔ الحاد (ایک تعارف)

یہ رسالہ محمد دین جوہر صاحب ، ڈاکٹر مبشر نذیر صاحب ، حافظ محمد شارق صاحب کی مشترکہ کاوش ہے اور ابتدائی درجے کے طالب علموں کیلیے انتہائی مفید ہے۔

27۔ اسلام ، سائنس اور الحاد 

سوشل میڈیا پر لکھے گئے محمد سلیم صاحب کے مضامین کا یہ مجموعہ ابتدائی طالب علموں کیلیے انتہائی مفید ہے۔


28۔ تعارف تہذیب مغرب اور فلسفہ جدید

پروفیسر مفتی محمد احمد کی یہ کتاب خاص اس موضوع پر ابتدائی درجے کے طالب علموں کیلیے انتہائی مفید ہے۔


29۔ اسلام اور جدیدیت کی کشمکش

ہمارے محترم دوست ڈاکٹر ظفر اقبال صاحب کی یہ کتاب اس عنوان پر انتہائی مفید ہے اور ابتدائی درجے سے اوپر کے طالب علموں کو اس کا مطالعہ ضرور کرنا چاہیے۔


30۔ اسلام اور تزکیہ نفس مغربی نفسیات کے ساتھ تقابلی مطالعہ

31۔ اسلام اور تہذیب مغرب کی کشمکش

32۔ اسلام اور رد مغرب

خاص اس عنوان پر لکھی جانے والی موجودہ دور کی کتب میں ڈاکٹر محمد امین صاحب کی کتب میں سے یہ انتخاب اس موضوع کے طالب علموں کیلیے انتہائی مفید ہے۔


33۔ خدائی سرگوشیاں

مجیب الحق حقی صاحب ایک معروف محقق ہیں اور ان کی یہ کتاب اپنے عنوان پر انتہائی مفید ہے۔


34۔ الحاد جدید کے مغربی اور مسلم معاشروں پر اثرات

دور جدید میں لکھی گئی کتب میں ڈاکٹر مبشر نذیر صاحب کی یہ کتاب انتہائی مفید شمار کی جا سکتی ہے۔

35۔ وحدیت ادیان اور اسلام

دور جدید کے الحاد کی ایک شاخ وحدت ادیان بھی ہے خاص اس عنوان پر سلطان احمد اصلاحی صاحب کی یہ کتاب انتہائی مفید ہے۔


یہ چند ایک کتب اور مختصر سا تعارف یہاں پر ہم نے پیش کیا ہے کوشش یہ ہوگی کہ آئندہ مزید کتب کی فہرست شریک کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: الحاد و دہریت کا موضوع اور ابتدائی مطالعہ


ایک تبصرہ شائع کریں

2 تبصرے

  1. ہم الحاد کے خطرات کے سامنا کیسے کریں

    جواب دیںحذف کریں
  2. اس حوالے سے بھی کتابیں موجود ہیں ان کو مطالعہ میں رکھیں!

    جواب دیںحذف کریں

تبصرہ کرکے اپنی رائے ضرور دیں!