الحاد و دہریت کا موضوع اور ابتدائی مطالعہ
از: حسیب احمد حسیب
اکثر یہ سوال ہوتا ہے کہ الحادی طرز فکر کو سمجھنے کیلیے اور اس فتنے سے خود کو بچانے کی تیاری کیلیے کون سی کتب کا مطالعہ کیا جائے تو اس حوالے سے میں کچھ بنیادی کتب کی جانب رہنمائی کرتا ہوں اصولی نکتہ یہ ہے کہ نہ تو یہ فہرست بہت طویل ہو جیساکہ بعض مفکرین نے تجویز کی ہیں اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بنیادی عنوان رہ جائے کہ تشنگی باقی رہے۔
بنیادی سطح پر اس کی ایک خاص ترتیب میرے ذہن میں ہے اور اگر اس ترتیب پر مطالعہ کیا جائے تو انتہائی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
اول : انسانی دنیا پر مسلمانوں کے عروج وزوال کا اثر
سید ابو الحسن علی ندویؒ کی یہ کتاب انتہائی اہمیت کی حامل ہے ، سوال یہ ہے کہ بنیادی سطح پر میں یہ کتاب کیوں تجویز کررہا ہوں ، درحقیقت معاملہ یہ ہے کہ ہمارے دل میں الحادی افکار و نظریات اسی لیے گھر کرتے ہیں کہ ہم مغربی تہذیب اور اس کے غلبے سے متاثر ہو جاتے ہیں اور اپنی علمی و فکری میراث ہماری نگاہ میں مشکوک ہوجاتی ہے اس فکری زہر کے سدباب کیلیے یہ کتاب تریاق کا کام دے گی، سید ابو الحسن علی ندویؒ کی اس کتاب میں مسلمانوں کو اس بات کا احساس دلانے کی کوشش کی گئی ہے کہ اس دنیا کی تاریخ میں ان کی کیا اہمیت اور مقام تھا اور کس طرح اسلامی تہذیب جدید مغربی تہذیب سے کہیں بہتر ہے۔
دوم : لا مذہبی دور کا تاریخی پس منظر
مولانا تقی الدین امینیؒ کی یہ کتاب لامذہبی افکار و نظریات کو سمجھنے کیلیے انتہائی مفید ہے اس کتاب میں لامذہبی افکار و نظریات کا پس منظر ان کی بنت کا بیان ہے اس کتاب کو پڑھ کر ہم پر یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ ان افکار و نظریات کی بنیاد کتنی کمزور ہے۔
سوم : سیکولرزم
شیخ سفر الحوالی کی یہ کتاب اس دائرے میں اہم ترین کتاب شمار کی جا سکتی ہے مغرب کس انداز میں لامذہبیت کی جانب گیا اور کس طرح مسلم معاشروں میں سیاسیات کی آڑ میں ان افکار کی ترویج ہو رہی ہے اس کتاب سے ان امور کا بخوبی علم ہوتا ہے۔
چہارم : حقیقت الٰہی
یہ حمزہ روٹز کی مشہور زمانہ کتاب
"The Divine Reality: God, Islam & The Mirage of Atheism"
کا ترجمہ ہے اس کتاب میں جدید الحادی اعتراضات کی تفصیل اور ان کے رد کا بیان ہے ابتدائی مطالعے کیلیے یہ کتاب بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
پنجم : عقائد الاسلام
مولانا ادریس کاندھلویؒ کی یہ کتاب اسلیے بھی ضروری ہے کہ اس میں کلامی انداز اختیار کرتے ہوئے الحادی اعتراضات کا رد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اسلامی عقائد کی تفصیل و تشریح بھی کی گئی ہے اس کتاب کا مطالعہ انتہائی مفید اور اہمیت کا حامل ہے۔
امید ہے کہ اگر ابتدائی درجے میں ان کتب کا مطالعہ کیا جائے تو الحادی فکر سے مقابلے کیلیے ایک عام طالب علم کے اندر بھی استعداد پیدا ہو سکتی ہے۔
اس بات کا خیال رہے کہ اس موضوع پر کسی ماہر استاد کی معاونت اور رہنمائی انتہائی ضروری ہے اور کوئی بھی کتاب اس کا متبادل نہیں ہو سکتی۔
0 تبصرے
تبصرہ کرکے اپنی رائے ضرور دیں!