Header Ads Widget

وقت کے صحیح استعمال کا طریقہ کیا ہے؟ | تادیب

 وقت کے صحیح استعمال کا طریقہ کیا ہے؟


وقت کے صحیح استعمال کا طریقہ



وقت کی اہمیت 

وقت کی اہمیت سے بھلا انکار کسے ہے؟ وقت انسان کا قیمتی اور انمول سرمایہ ہے، یہ ایک ایسی دولت ہے جو بلا تفریق امیر و غریب سب کو یکساں طور پر برابر ملی ہے، وقت گویا ایک سمندر ہے جس میں ہر طرح کی کشتیاں بہے جا رہی ہیں ان میں سے کچھ تو اپنے مقصد کی اور گامزن ہیں اور کچھ بے مقصد وقت کے دھارے میں بہہ رہی ہیں ان کی نہ کوئی منزل ہے اور نہ کوئی معین رخ، وقت کا دھارا کسی کے لیے نہیں رکتا ہے، یہ مسلسل اپنی مستقبل کی سمت رواں دواں ہے۔

الغرض وقت کی قیمت اور اس کی اہمیت سے تقریبا ہر انسان آشنا ہے؛ البتہ کچھ لوگ ہیں جنھیں اس کی اہمیت کا پاس و لحاظ نہیں ہے، اور جو اس کی اہمیت کا لحاظ کرتے ہیں اس کے ہر ہر جز سے مستفید ہونا چاہتے ہیں اور اس گراں مایہ سرمایہ کو بچا بچا کر استعمال کرنا چاہتے ہیں، انھیں کوئی ایسا لائحہ عمل میسر نہیں ہے جس کی روشنی میں وہ وقت کو بچا بچا کر استعمال کرنا سیکھ جائیں اور اس کے ہر ہر جز سے استفادہ کرنے لگیں؛ چناں چہ زیر نظر تحریر میں چند نکات بیان کیے گئے ہیں جن کی مدد سے وقت کے صحیح استعمال کا طریقہ اور اس کے ہر اجزا سے استفادہ کا طریقہ معلوم ہوگا؛ لہذا تحریر مکمل ضرور پڑھیں!


اپنے کاموں کی فہرست بنائیں

1. آپ اپنے دن بھر کے کاموں کی ایک فہرست بنائیں، ان میں ایسے کاموں کو شامل کریں جو اہم اور ضروری ہوں، پھر بالترتیب ان کاموں انجام دیں، یاد رہے اس فہرست میں فقط ان ہی کاموں کو شامل کریں جو ضروری ہوں، لغو اور بیکار کاموں کو جس سے وقت کے ضیاع کے سوا کوئی فائدہ نہ ہو اس فہرست میں جگہ نہ دیں۔
ممکن ہے کاہلی اور سستی کی وجہ سے آپ ان کاموں کو انجام نہ دے پائیں؛ تاہم مسلسل اس عمل کو انجام دینے کی وجہ سے آپ کے اندر اس طرز پر کام کرنے کی عادت پیدا ہو جائےگی۔


ضروری چیزوں کا خیال رکھیں

2. عموما لوگ معمولی غلطیوں کی وجہ سے بہت سارا وقت ضائع کر دیتے ہیں، مثلا اپنے کام کی چیزوں کو بےترتیب اور بے محل رکھ دیتے ہیں پھر بعد میں انھیں تلاش کرتے ہیں تو تلاش ہی میں کافی وقت ضائع ہو جاتا ہے؛ لہذا ہمیشہ اپنے کام کی چیزوں کو برمحل رکھا کریں؛ تاکہ ضرورت کے وقت اس کی تلاش میں وقت ضائع نہ ہو، اس قسم کی دیگر غلطیاں بھی ہیں جن سے اگر بچا جائے تو وقت کے ضیاع سے بچا جا سکتا ہے۔




ایک وقت میں صرف ایک کام کریں

3. اگر ایک وقت میں فقط ایک ہی کام پر توجہ دی جائے تو اس کو با آسانی اور بہتر طریقے سے انجام دیا جا سکتا ہے، اگر ایک ہی وقت میں ڈھیر سارے کاموں کو لیکر بیٹھ جائیں تو کسی بھی کام پر مکمل توجہ نہیں ہو پائےگی، اور سوائے ضیاع وقت کے کچھ بھی ہاتھ نہیں آئےگا؛ لہذا ایک معین وقت میں ایک ہی کام پر توجہ دیں پھر جب وہ مکمل ہو جائے تو دوسرے کام پر لگیں۔



آج کا کام کل کے لیے نہ چھوڑیں

4. اگر کسی کام کو آج انجام دیا جا سکتا ہے تو اسے بلاوجہ کل انجام دینے کے زعم میں وقت ضائع نہ کریں، ایسا کرنے سے دماغ پر اس کا بوجھ باقی رہتا ہے اور اس ذہنی خلجان کی بنا پر اطمینان و سکون غارت ہو جاتا ہے اور کوئی بھی کام اپنے انجام کو نہیں پہنچ پاتا ہے؛ لہذا آج کا کام کل پر ڈالنے کی عادت سے باہر آئیں۔



خالی وقت کو مفید کاموں میں لگائیں

5. بسااوقات ایسا ہو سکتا ہے کہ آپ اپنے سبھی کاموں کی انجام دہی سے فارغ ہو جائیں اور آپ کے پاس کافی خالی وقت بچا ہو؛ چناں چہ ان خالی اوقات کو لغویات و لہویات اور بے جا مصارف میں صرف کرنے کے بجائے مفید کاموں میں صرف کیا کریں، مثلا ایسے وقت میں کتابوں کا مطالعہ کریں یا کوئی نئی چیز سیکھیں وغیرہ۔




سوشل میڈیا کا استعمال بند کریں یا کم کریں

6. انسانوں کو غافل اور سست بنانے میں سوشل میڈیا کا بڑا ہاتھ رہا ہے، لوگ اس کے شکنجے میں اس طرح پھنس گئے ہیں کہ وقت کے بڑے ذخیرے کو اس کے پیچھے ضائع کر دیتے ہیں اور انھیں اس کا احساس بھی نہیں ہوتا ہے، ایسے لوگ بھلا وقت کی قدر و اہمیت کیا پہچانیں گے؟
لہذا جو افراد وقت کو بچا بچا کر استعمال کرنے کے خواہاں انھیں سوشل میڈیا کے شکنجے سے باہر نکلنا ہوگا، اگر چہ نفس اس کی اجازت نہیں دےگا؛ لیکن اگر کامیابی و کامرانی کی خواہش ہے تو اپنی اس دلچسپی کو قربان کرنا ہی پڑےگا۔



لہو و لعب سے بچیں

7. کچھ لوگ دوستوں اور یاروں کی محافل میں بیٹھ جاتے ہیں تو اٹھنے کا نام ہی نہیں لیتے، اور لغو و بےکار مباحثوں میں اپنے قیمتی سرمایہ کو ضائع کرتے رہتے ہیں، ایسی لغو دلچسپیوں کے ساتھ وقت کا صحیح استعمال نہیں کیا جا سکتا ہے، وقت کے صحیح استعمال کے لیے وقت کے تئیں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہی ہوگا۔

سونے سے قبل دن بھر کے کاموں کا موازنہ کریں

8. جب آپ رات کو سونے کی غرض سے بستر پر دراز ہو جائیں تو کچھ لمحے اپنے دن بھر کے مشاغل کا موازنہ کرنے میں ضرور صرف کریں اور سوچیں کہ دن بھر میں آپ کا کتنا وقت ضائع ہوا اور کتنا مفید کاموں میں لگا؟ پھر اس کے مطابق اپنے اندر تبدیلی پیدا کرنے کی کوشش کریں۔
مندرجہ ذیل نکات کو اپنی زندگی میں شامل کریں ان شاءاللہ آپ وقت کا صحیح استعمال کرنا سیکھ جائیں گے۔



ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے