Header Ads Widget

کاہلی و سستی کو کیسے دور بھگائیں؟ | کاہلی اور سستی کو دور کرنے کے 10 طریقے

 کاہلی و سستی کو کیسے دور کریں؟


سستی و کاہلی، غفلت و بےاعتنائی اور لاپروائی و بےفکری ایسی قبیح انسانی صفات ہیں جس کے نشے میں انسان مدہوش و بدمست ہوکر اپنی تباہی و بربادی کی راہ ہموار کرتا ہے، غفلت و بےاعتنائی کی شراب نہایت لذت انگیز ہوتی ہے، جب انسان سستی و کاہلی کی چادر تان کر محو خواب ہو جاتا ہے تو اس کی زندگی کے تمام تر مقاصد محض ایک خواب بن کر رہ جاتے ہیں، جن کے حصول کی انسان بس تمنا ہی کر سکتا ہے۔
دنیا کا ہر انسان اپنے دل کے اندر کامیابی کی چاہت، تحصیل رفعت کی خواہش، آسمان شہرت پر مانند آفتاب چمکنے کی آرزو اور سرفرازی کا جذبہ لیے ہوتا ہے، ہر کوئی چاہتا ہے کہ زندگی کی راہ پر اپنی کامیابی کے ایسے انمٹ نقوش چھوڑ کر جائیں جو آیندہ نسلوں کے حق میں بہترین نمونہ ثابت ہو۔
لیکن وہ یہ بھول جاتا ہے کہ محض حصول کامیابی کی خواہش، تمناؤں کا سیل رواں اور آرزوؤں کا بحر بےکراں نہ تو اسے کامیابی سے ہمکنار کر سکتا ہے اور نہ ہی کامرانی سے سرفراز۔

یوں اتنی آسانی سے مؤرخ تاریخ میں جگہ نہیں دیتا ہے اس کے لیے جی توڑ محنت، جاں گسل کوشش، پیہم جد و جہد، تساہل و تغافل سے پہلو تہی، غفلت و بے اعتنائی سے کنارہ کشی اور سستی و کاہلی سے کامل احتراز ا اجتناب ضروری ہے۔


کاہلی و سستی کیسے دور کریں؟

یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ لوگ غفلت و سستی سے احتراز کی تلقین تو کرتے ہیں؛ لیکن یہ نہیں بتاتے کہ سستی و کاہلی کو کیسے دور کیا جائے؟
آخر غفلت و سستی کو دور بھگانے کا طریقہ کیا ہے؟
کاہلی و سستی سے کیسے بچا جائے؟ سستی و کاہلی کا علاج کیا ہے؟ 

چناں چہ اسی کے پیش نظر اس تحریر میں سستی و کاہلی سے پیچھا چھڑانے کے 10 مؤثر طریقے بیان کیے جائیں گے جن کو اپناکر کاہلی و سستی اور غفلت و بےاعتنائی کو دور کیا جا سکتا ہے۔


کاہلی اور سستی کو دور کرنے کا طریقہ



پوری نیند لیں

1. اس ڈیجیٹل دور میں ہر شخص کے ہاتھ میں موبائیل ہے، اگر اس کا استعمال بقدر ضرورت کیا جائے تو ٹھیک ہے؛ لیکن اس کا بے جا استعمال خصوصا رات کی قیمتی گھڑیوں میں سونے کی بجائے موبائیل بینی یقینا مضر ہے، رات میں زیادہ دیر تک جاگ کر موبائیل استعمال کرنے سے نیند پوری نہیں ہو پاتی ہے، جس کی وجہ سے دن بھر کاہلی و سستی کا احساس ہوتا رہتا ہے؛ کیوں کہ انسان کو اوسطا 6 سے 8 گھنٹے کی نیند لینی ضروری ہے؛ لہذا غفلت کو دور بھگانا ہے کم از کم 8 گھنٹے کی نیند ضرور لیں تب جاکر دن بھر نشاہ و مستعدی کا احساس ہوگا۔



کھانا زیادہ نہ کھائیں

2. کھانے پینے کے معاملے میں اعتدال اور میانہ روی نہایت ضروری ہے، اگر زیادہ کھا لیا جائے تو یقینا اس کی وجہ سے سستی اور کاہلی پیدا ہوگی اور اگر ضرورت سے کم کھایا جائے تو بھوک باقی رہے گی اور طبعیت میں چستی و مستعدی نہیں پیدا ہوگی جس کے نتیجے میں سستی و کاہلی گھیر لےگی۔
لہذا کھانا اتنی مقدار ہی کھایا جائے جتنی جسم کو ضرورت ہو۔

بڑے کاموں کو ٹکڑوں میں تقسیم کردیں

3. جب انسان کو کوئی بڑا اور مشقت طلب کام درپیش ہوتا ہے تو وہ یہ سوچ کر اس کو انجام دینے سے غافل رہتا ہے کہ اس قدر بھاری کام مجھ سے نہیں ہوگا، یہ سوچ اس کے ذہن پر حاوی ہو جاتی ہے جس کے نتیجے میں اس کے اندر کاہلی و سستی پیدا ہو جاتی ہے۔
لہذا کسی بڑے کام کو انجام دینے کا یہ طریقہ اختیار کیا جائے، بڑے کام کو مختلف حصوں اور ٹکڑوں میں تقسیم کر دیا جائے، اور ایک دفعہ میں صرف ایک قسم اور ایک ٹکڑے کو انجام دیا جائے، اس سے دماغ پر کسی کام کی گرانی محسوس نہیں ہوگی۔

کام کے دوران تھوڑا وقفہ لیں

4. کسی بھی کام کو لگاتار کرتے رہنے سے بھی تھکان کا احساس ہوگا، جس کے نتیجے میں کاہلی اور سستی بھی جسم میں سرایت کر جائےگی؛ اسی لیے کوئی بھی کام ہو اس کو انجام دینے کے دوران تھوڑا تھوڑا وقفہ ضرور لینا چاہیے، جس سے جسم کو آرام حاصل ہوگا اور تھکن کا احساس نہیں ہوگا۔

ایک وقت میں فقط ایک ہی کام کریں

5. ایک وقت میں فقط ایک ہی کام پر توجہ مرکوز رکھیں، جس سے کام کی گرانی کا احساس نہیں ہوگا، کچھ لوگ بیک وقت کئی کاموں کو انجام دینے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کاموں کے متعلق سوچ کر ہی آلس اور سستی آنے لگتی ہے۔
لہذا بہتر یہی ہے کہ ایک وقت میں ایک ہی کام پر فوکس کریں؛ تاکہ اس کو بہتر طریقے سے انجام دیا جا سکے۔


اپنے مقصد کو یاد کریں

6. ہر انسان کوئی نہ کوئی مقصد لیکر زندگی گزارتا ہے جس کو پانے کی ہمیشہ اسے چاہت ہوتی ہے؛ لہذا جب بھی کاہلی و سستی کا احساس کا ہو تو فورا اپنے مقصد کو یاد کیا جائے اور سوچا جائے کہ اگر میں نے غفلت و بے اعتنائی سے کام کیا تو میرا مقصد دھرا کا دھرا رہ جائےگا۔
جب انسان اپنے مقصد کو یاد کرےگا تو اس کو حاصل کرنے کی تڑپ اور لگن اسے سستی اور کاہلی کا احساس نہیں ہونے دیگی۔


صبح جلدی اٹھیں اور ورزش کریں

7. جس طرح رات میں جلدی سونے کا اہتمام کرنا چاہیے اسی طرح صبح جلدی اٹھنے اور فجر کی نماز باجماعت پڑھنے کا بھی اہتمام کرنا چاہیے، پھر اس کے بعد تھوڑی ورزش وغیرہ بھی کر لینی چاہیے؛ تاکہ نیند کے آثار ختم ہوں اور تازگی کا احساس ہو۔

اسے بھی پڑھیں :  صبح جلدی اٹھنے کا طریقہ 


کامیاب لوگوں کے متعلق سوچیں

8. جب بھی کاہلی اور سستی کا احساس ہو تو ان لوگوں کے متعلق سوچنا شروع کریں، جنھوں نے محنت و مشقت کے ذریعے دنیا میں اونچا مقام حاصل کیا ہے؛ تاکہ کامیابی کا وہ شوق اور جذبہ آپ کے اندر میں بیدار ہو اور پھر آپ حصول کامیابی کے لیے مستعد ہو جائیں۔


مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیجیے

9. ہر وقت ایک ہی کام کو انجام دینے سے بوریت، اکتاہٹ اور اچاٹ پن کا احساس ہونے لگتا ہے؛ لہذا کبھی کبھی کچھ الگ اور دلچسپ سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا چاہیے؛ تاکہ طبیعت اچاٹ نہ ہو اور کام میں من لگے۔


وقت کی قدر و قیمت کا لحاظ کیجیے

10. کہتے ہیں کہ وقت سونے سے بھی زیادہ قیمتی ہے، ذرا سوچیے کوئی شخص سونے کا مالک اور ایک شخص اس کا سونا چوری کرکے لے جا رہا ہو تو کیا وہ شخص کاہل و سست بن کر بس دیکھتا ہی رہےگا؟
ہرگز نہیں! بس اسی طرح اگر انسان بھی وقت کی اہمیت اور اس کی قیمت کو پہچان لے تو کبھی بھی غفلت و سستی کی بنا اس کو ضائع نہیں کرےگا۔
لہذا جب بھی کاہلی و سستی کا احساس ہو تو فورا سوچیں کہ ہماری غفلت و سستی کی وجہ سے وقت جیسا گراں مایہ سرمایہ ضائع ہو جائےگا۔




تلک عشرۃ کاملۃ

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے