Header Ads Widget

تاثرات بر کتاب ”امتحانِ داخلہ کی تیاری کیسے کریں؟“

 تاثرات بر کتاب ”امتحانِ داخلہ کی تیاری کیسے کریں؟“


تاثرات بر کتاب ”امتحانِ داخلہ کی تیاری کیسے کریں؟“

نام کتاب:  ” امتحانِ داخلہ کی تیاری کیسے کریں؟ “

تالیف : اسجد سبحانی ارریاوی، شریک شعبۂ انگریزی دار العلوم دیوبند

ناشر : مکتبہ علیمیہ دیوبند  و ارریہ

7091402036

تبصرہ نگار: محمد علقمہ صفدر ہزاری باغ

17/1/2024


انسان جب کسی نئی جگہ جاتا ہے، یا کوئی نیا کام کرنے کا ارادہ کرتا ہے، یا پھر کسی ادارے یا شعبے سے منسلک ہونا چاہتا ہے، تو فطری طور پر وہاں اس کو ایک ایسے رہنما کی ضرورت پڑتی ہے جو ہر ہر قدم پر اس کی رہنمائی کرے، ہر ضروریات کی تکمیل میں آسان راہ کی طرف توجہ دلاے، ورنہ اجنبیِ شہر کو چھوٹے چھوٹے مسائل کے حل کے لیے بھی کافی تگ و دو کرنی پڑتی ہے، معمولی سی ضرورتوں کے لیے در بہ در کی ٹھوکریں کھانی پڑتی ہیں، اور نو واردین کے لیے یہ مرحلہ بذات خود ایک آزمائش بن جاتا ہے۔

تاثرات بر کتاب ”امتحانِ داخلہ کی تیاری کیسے کریں؟“
کتاب کا دیدہ زیب سرورق


                     مادرِ علمی ازہرِ ہند ”دارالعلوم دیوبند“ بھی ایک ایسا ادارہ ہے جو تمام طالبانِ علومِ نبوّت کے لیے مرکزِ امید کی حیثیت رکھتا ہے، جو شمعِ رسالت کے پروانوں کے لیے امید کی آخری آماج گاہ ہے، ہر طالب علم کی یہ آرزو اور تمنا ہوتی ہے کہ وہ اس میکدۂ علم و عرفاں سے جامِ شریعت نوش کرے، اس میخانۂ علم و ادب سے خود کو سیراب کرے، اس کی روحانی و علمی فضا سے خود کو معطر کرے، اس کی آغوش میں رہ کر اپنی ذہنی و فکری تربیت کا سامان فراہم کرے، اور اس کے سایۂ عاطفت میں ٹھہر کر سال دو سال ہی سہی اپنے علم و فن میں وثوق و تعمق پیدا کرے۔

                 لیکن اسے اس خواہش کی تکمیل کے لیے ایک دشوار گزار مرحلہ یعنی ”داخلہ امتحان“ سے گزرنا پڑتا ہے،  یہی وہ مرحلہ ہے جس کو عبور کرنے کے لیے ایک طالب علم سالہا سال کی جہدِ مسلسل اور محنت شاقہ کو برداشت کرتا ہے، اپنی راحت و سکون تک قربان کر دیتا ہے، اور سالانہ تعطیل میں گھر نہ جا کر ”دارالعلوم دیوبند“ کا رخ کرتا ہے، لیکن آزمائشوں کا یہ سلسلہ یہیں نہیں تھمتا بلکہ دیوبند آ جانے کے بعد مزید آزمائشیں شروع ہو جاتی ہیں۔

              ایک نئے طالب علم کو دیوبند آنے کے بعد جہاں دیگر ضروریات کے سلسلے میں رہبری کی ضرورت محسوس ہوتی ہے، وہیں کتابوں کی تیاری کے سلسلے میں بھی کافی رہنمائی کی ضرورت پڑتی ہے، اولاََ تو یہی کہ وہ کن کتابوں کو یاد کرے؟ (کیونکہ جماعت میں داخل تمام نصابی کتابوں کا امتحان نہیں ہوتا ہے)  کیسے یاد کریں؟ کتنی یاد کریں؟ کون سے مقامات ہیں جو امتحان میں آنے کے لیے زیادہ متوقع ہو سکتے ہیں؟ کن مرحلوں میں کن کتابوں پر زیادہ توجہ دیں؟  امتحان داخلہ سے پندرہ دن پہلے کیا کریں؟ دس دن اور تین دن پہلے کیا کریں؟ پھر وہ اصل مرحلہ آتا ہے جس کے لیے تمام محنت و مشقت برداشت کی جاتی ہے، جوں جوں وقتِ امتحان قریب آتا ہے دل کی دھڑکنیں تیز سے تیز تر ہو جاتی ہیں،

                امتحان ہال میں داخل ہونے کے بعد طالب علم یہ سوچتا ہے کہ جوابی کاپیوں میں جوابات بہتر انداز میں کیسے لکھیں؟ کہاں سے لکھیں؟ عربی عبارت کیسے درج کریں؟ کون سا سوال پہلے حل کریں؟ عنوانات کیسے قائم کریں؟ ترجمہ کیسے لکھیں؟ اختلاف ائمہ، دلائل، اور جواباتِ دلائل  کیسے تحریر کریں؟ لغات و معانی کو لکھنے کے لیے کیا شکل اپنائیں؟ اشعار کیسے لکھیں؟ اعداد و شمار کا کون سا طرز اختیار کریں؟ دوران جواب کن چیزوں کا خیال رکھیں؟ بالخصوص اصولِ املا اور رموزِ اوقاف کو کیسے استعمال کریں؟ یہ اور اس طرح کے بے شمار سوالات کا ہر طالب علم کو سامنا کرنا پڑتا ہے، انہی تمام تر سوالات کے جوابات اور مشکلات کے حل کے لیے جناب مولانا اسجد سبحانی ارریاوی نے زیرِ نظر کتاب ”داخلہ امتحان کی تیاری کیسے کریں؟ “  ترتیب دی ہے، جس میں اولاََ امتحان کے سلسلے میں پیش آنے والے ایک ایک مشکلات کا حل پیش کیا ہے، زمانۂ امتحان کے شب و روز کو احاطۂ دارالعلوم میں گزارنے کے لیے بہترین لائحۂ عمل تیار کیا ہے، ہر ایک جماعت اور تمام کتابوں کے حوالے سے الگ الگ عنوان قائم کر کے بہترین رہبری کی ہے، اور یہی نہیں کہ صرف اصولی رہنمائی فرمائی ہے بلکہ نمونے کے طور پر چند کتابوں کے جوابات لکھ کر ہر ایک جزئیات کو حل کر کے رہنمائی کا حق ادا کر دیا ہے۔

                   اللہ تبارک و تعالیٰ جزائے خیر عطا فرمائے کہ مولانا سبحانی صاحب نے طلبہ کے اِن پیش آمدہ مشکلات کا ادراک کیا، اور اس کے حل کے لیے ایک رہنما کتاب کی شکل میں سعیِ بلیغ کی، اللہ تعالیٰ اس سعی کو قبول فرمائے، اور دارالعلوم دیوبند میں داخلے کے ہر متمنی و آرزو مند طلبہ کے ہاتھ تک اس کی رسائی فرمائے۔

 آمین ثم آمین یا رب العالمین 

کتاب دیوبند  و سہارن پور کے کتب خانوں پر دستیاب ہے، اور براہ راست ناشر سے منگانے کے لیے رابطہ کریں۔

https://wa.me/message/EPRNV6EWENQMF1

☎️ 7091402036

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے