غصہ کو قابو کیسے کریں؟
اکثر لوگ جو زیادہ غصہ کرتے ہیں انھیں خود پر کنٹرول نہیں ہوتا ہے، وہ سوچتے ہیں کہ غصہ کو قابو کیسے کریں؟ غصہ کو ختم کیسے کریں؟
لیکن انھیں اس سوال کا جواب نہیں ملتا ہے؛ چناں چہ ایسے لوگوں کے لیے یہ تحریر نہایت مفید ثابت ہوگی اور ممکن ہے ان کے سوالات کا جواب بھی مل جائے۔
غصہ کرنے کے نقصانات
غیض و غضب، تند مزاجی، برہمی اور ناراضی جہاں اخلاقی ابتری کی بڑی وجوہات ہیں وہیں انسانی صحت کی سالمیت کے حق میں نہایت مضر بھی ہیں، ماہرین کی تحقیق کے حوالے سے یہ بات کہی جاتی ہے کہ غصیلا اور تندمزاج شخص ذہنی و جسمانی مریض بن جاتا ہے؛ چناں چہ غصہ ور اور بد مزاج شخص اپنی عقل و فہم کو کھو بیٹھتا ہے جس کے نتیجے وہ لوگوں کے ساتھ بد تہذیبی، بد اخلاقی اور ناشائستگی سے پیش آتا ہے، یہی وجہ ہے کہ لوگ ان سے دوری بنائے رکھنے میں ہی عافیت سمجھتے ہیں، ایسے لوگوں کی معاشرے میں کوئی وقعت نہیں ہوتی۔
ماہرین کی مانیں تو غصہ انسانی صحت کے حق میں کسی زہر سے کم نہیں، غصہ انسان کے دل و دماغ، نظام ہاضمہ اور پھیپھڑوں تک کو متأثر کرتا ہے، جس کے نتیجے میں انگنت جسمانی بیماریاں وجود پاتی ہیں، نیز ایسے لوگوں کی تخلیقی صلاحتیں بھی زنگ آلود ہو جاتی ہیں۔
غصہ ور لوگ بڑی جلدی نشہ، شراب اور سگریٹ وغیرہ کو استعمال کرنے لگ جاتے ہیں، الغرض زیادہ غصہ آنا بہر صورت مضر ہے۔
غصہ کو قابو کرنے کے 11 طریقے
1. جب بھی آپ کسی سے مخاطب ہوں تو کچھ کہنے سے قبل لازمی طور پر غور کر لیں کہ آپ کی بات کا مخاطب پر کیا اثر پڑےگا، آیا آپ غلط بول رہے ہیں یا صحیح؟
اگر آپ صحیح بول رہے ہیں تو تیز نہ بولیں؛ بلکہ اپنے کلام میں نرمی رکھیں، ایسا کرنے سے مخاطب آپ سے بدظن نہیں ہوگا۔
2.اگر کسی کی بات پر غصہ آ جائے تو فوری طور پر اس کے سامنے سے ہٹ جائیں؛ بلکہ اس جگہ سے ہٹ جائیں، جب وہ غصہ کے اسباب سامنے نہیں ہوں گے تو ظاہر ہے غصہ میں کمی آئےگی۔
3. جب بھی آپ کو غصہ آئے تو اچھی چیزوں کا تصور شروع کر دیں، اپنی ماضی کے یادگار اور خوشی کے لمحات کا تصور کیجیے۔
4. معاف کرنے اور بھول جانے کی عادت ڈالیں
بےشک معاف کرنا اور درگزر کرنا بلند اخلاق کی نشانی ہے، غصہ کو ختم کرنے کے لیے درگزر کرنا سیکھیے۔
اس سے غصہ پر قابو بھی حاصل ہوگا اور لوگوں کی نگاہوں آپ ایک بااخلاق شخص گردانے جائیں گے۔
5. بری عادتوں سے اجتناب کریں
نشہ، شراب، سگریٹ اور دیگر منشیات سے پرہیز کریں یہ چیزیں غصہ کا سبب بنتی ہیں، نیز صحت پر بہت برا اثر ڈالتی ہیں۔
6. غصہ اگر قابو سے باہر معلوم ہو تو تنہائی میں جاکر چیخیں چلائیں، کچھ لمحے بعد غصہ اتر جائےگا اور سکون محسوس ہوگا۔
7. روزانہ صبح اٹھ کر خود سے باتیں کریں اور کہیں:
میں ایک امن پسند انسان ہوں۔
میں ہمیشہ مثبت سوچتا ہوں۔
میں ہمیشہ خوش رہتا ہوں۔
ایسا کرنے دماغ میں ایک خاص اثر پڑےگا جس سے غصہ کم ہو سکتا ہے۔
8. ہمیشہ مثبت سوچیں! مثبت سوچ و فکر بڑی کام کی چیز ہے، مثبت سوچ مثبت اثرات مرتب کرتی ہے، انسان جیسا سوچےگا اس کے ساتھ ویسا ہی ہوگا۔
9. اچھی اور دلچسپ کتابوں کے مطالعہ کی عادت ڈالیں، کم از روز دس صفحات کا مطالعہ اپنے اوپر لازم کرلیں، مطالعہ سے انسانی کی قوت فکر بلند ہوتی ہے، انسان کا اخلاق و کردار سنورتا ہے۔
10. جب شدید غصہ آئے تو فورا تسبیحات کا ورد شروع کردیں، اس کی وجہ سے توجہ کہیں اور مرکوز ہو جائےگی، اس کے علاوہ دیگر طریقوں کو بھی اختیار کیا جا سکتا ہے۔
11. رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ غصہ آگ اور شیطان کے اثر سے پیدا کیا گیا ہے اور آگ پانی کے ذریعے بجھائی جاتی ہے؛ لہذا تم میں سے کسی کو غصہ آئے تو وضو کرے۔
نیز فرمایا تم میں سے کسی کو غصہ آئے تو اگر وہ کھڑا ہے تو بیٹھ جائے غصہ ختم نہ ہو تو پھر لیٹ جائے۔ (سنن ابوداؤد)
0 تبصرے
تبصرہ کرکے اپنی رائے ضرور دیں!