Header Ads Widget

روئے زمین کا کا پہلا رہائشی کون تھا؟

 روئے زمین کا پہلا باشندہ کون تھا؟


سب سے پہلے روئے زمین میں رہائش اختیار کرنے والا کون تھا؟
زمین پر بود و باش اختیار کرنی والی پہلی مخلوق کون سی تھی؟ اس سلسلے میں علما کے مختلف آرا ہیں، ذیل میں انھیں بالتفصیل بیان کیا جاتا ہے۔

زمین پر سب سے پہلے رہائش کس نے اختیار کی؟


علامہ ابن کثیر نے اپنی کتاب ”البدایہ والنہایہ“ میں بہت سے مفسرین کے اقوال اس بارے میں نقل کیے ہیں کہ زمین پر سب سے پہلے آباد ہونے والی قوم ”الحِنْ والبِنْ“ کی تھی، انھوں نے زمین میں فساد و بگاڑ کیا، اللہ کے احکامات سے روگردانی کی، سرکشی و طغیانی کی اور اللہ کے حدود کی پامالی کی تو حق تعالی نے ابلیس کو (جو اس وقت نیک صالح تھا) ایک لشکر کے ساتھ بھیجا؛ تاکہ ان سرکشوں اور نافرمانوں کو سبق سکھایا جائے؛ چناں چہ ابلیس اور اس کی جماعت نے ان کو تباہ کر ڈالا۔
اور جنات زمین میں سکونت پذیر ہوئے، اس وقت جنات ایک صالح قوم تھی اور یہ سارا معاملہ ابلیس کی سرکشی سے پہلے کا ہے۔


اس سلسلے میں دوسرا قول یہ ہے کہ جنات زمین کے اول باشندے ہیں؛ چناں چہ علامہ ابن جریر طبری رحمہ اللہ اپنی تفسیر میں آیت کریمہ ”وَإِذْ قَالَ رَبُّكَ لِلْمَلَائِكَةِ إِنِّي جَاعِلٌ فِي الْأَرْضِ خَلِيفَةً قَالُوا أَتَجْعَلُ فِيهَا مَن يُفْسِدُ فِيهَا وَيَسْفِكُ الدِّمَاءَ وَنَحْنُ نُسَبِّحُ بِحَمْدِكَ وَنُقَدِّسُ لَكَ قَالَ إِنِّي أَعْلَمُ مَا لَا تَعْلَمُونَ“ کی تفسیر میں فرماتے ہیں کہ زمین پر سب سے پہلے جنات نے رہائش اختیار کی، پھر جب انھوں فساد و قتال کا بازار گرم کیا اور اللہ کے احکامات کو توڑا تو حق تعالی نے ابلیس کو ایک جماعت کے ساتھ بھیجا پھر اس نے جنات کو قتل کر دیا۔
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے بھی اسی طرح کا قول منقول ہے۔
اور یہ معاملہ آدم علیہ السلام کی تخلیق اور ان کے زمین پر اتارے جانے سے پہلے کا ہے۔

تیسرا قول یہ ہے کہ جس طرح آدم علیہ السلام سب سے پہلے انسان ہیں اسی طرح زمین پر  سب سے پہلے قیام پذیر ہونے والے بھی آپ ہی ہیں، جو لوگ اس بات کے قائل ہیں اس آیت کریمہ سے استدلال کرتے ہیں ”وَإِذْ قَالَ رَبُّكَ لِلْمَلَائِكَةِ إِنِّي جَاعِلٌ فِي الْأَرْضِ خَلِيفَةً“
ترجمہ: اور ذرا یاد کیجیے اس وقت کو جب تیرے رب بے فرشتوں سے کہا کہ میں زمین میں ایک خلیفہ بنانے والا ہوں۔

ان کا طریقۂ استدلال اس طرح ہے کہ اللہ تعالی نے اپنا خلیفہ بنانے کی بات کہی اور خلیفہ وہ ہوتا ہے جو دوسرے کی جگہ پر قائم ہو جائے۔
انبیا اللہ تعالی کے خلفا ہیں کیوں کہ وہ اس کے احکام کی تبلیغ کرتے ہیں۔
اور سب سے پہلے پیغمبر حضرت آدم ہیں اس لحاظ سے وہ پہلے خلیفہ بھی ہوئے، یعنی زمین کے سب سے پہلے رہائشی حضرت آدم ہی ہوئے؛ کیوں کہ اگر حضرت آدم سے پہلے کوئی زمین میں سکونت اختیار کرنے والا ہوتا تو اللہ تعالی خلیفہ بنانے کی بات نہ فرماتے۔

واللہ اعلم بالصواب

المصادر و المراجع: البداية والنهاية| سورة البقرة| جامع البيان|


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے