Header Ads Widget

وزن کیسے بڑھائیں| وزن بڑھانے والی غذائیں

 وزن کیسے بڑھائیں؟


وزن کیسے بڑھائیں



 وزن کیسے بڑھائیں؟ دورِ حاضر میں بہت سے افراد کا یہ مسئلہ بن چکا ہے، خصوصا نوجوانوں میں وزن کم ہونے کی شکایت بہت عام ہو چکی ہے، وہ وزن بڑھاکر اچھی صحت پانا چاہتے ہیں؛ کیوں کہ صحت و تندرستی خدا کی بہت بڑی نعمت ہے، اس کا احساس و ادراک انسان کو اس وقت ہوتا ہے جب وہ بیماریوں کی زد میں آتا ہے، اچھی صحت کی علامت یہ ہے کہ انسان کی جسمانی ساخت و سرگرمیاں حدِ اعتدال میں رہے؛ چناں چہ جس طرح سے وزن کا حد اعتدال سے زیادہ ہونا بری صحت کی علامت ہے اسی طرح وزن کا نہایت کم ہونا بھی بری صحت کی علامت ہے، جس طرح موٹاپا جسمانی ساخت کو بگاڑ دیتا ہے اسی طرح سے دبلاپن بھی انسان کی جسمانی خوبصورتی کو ختم کر دیتا ہے، جس کے سبب انسان کی خود اعتمادی ختم ہو جاتی ہے اور وہ لوگوں سے ساتھ اٹھنے بیٹھنے اور بات چیت کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتا ہے، یہی نہیں؛ بلکہ بسااوقات لوگ وزن کے تعلق سے مذاق اڑانا بھی شروع کر دیتے ہیں، ایسے میں ہر وہ شخص جس کا وزن کم ہے وہ چاہتا کہ کسی طرح اپنے وزن کو حدِ اعتدال میں لے آئے، جس کے لیے وہ مختلف جتن کرتا ہے مختلف قسم کی ادوایات کا سہارا لیتا ہے؛ تاہم ان سے بجائے فائدے کے مزید نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
اسی کے پیش نظر ہم نے ”وزن کیسے بڑھائیں“ کے عنوان سے یہ تحریر لکھی ہے جس میں وزن بڑھانے کے ایسے طریقے بیان کیے گئے ہیں جس سے کسی قسم کے جسمانی نقصان کا اندیشہ نہیں ہے اور یہ سارے طریقے انسان خود اپنے گھر میں انجام دے سکتا ہے اور یہ ساری چیزیں بہ آسانی دستیاب بھی ہو جاتی ہیں۔ 
ہم ذیل میں ایسی چند غذاؤں کو مع اس کے فوائد ذکر کر رہے ہیں جو وزن بڑھانے کے حوالے سے بڑے کارگر ثابت ہوتے ہیں جن کا مسلسل استعمال چند دنوں میں ہی اپنے اثرات ظاہر کرنا شروع کر دیتا ہے۔





وزن بڑھانے والی غذائیں

آلو کا استعمال کریں

آلو انسان کی بہترین غذا ہے جو اپنے اندر بےشمار فائدے رکھتا ہے، آلو وزن بڑھانے کے حوالے سے مشہور غذا ہے، اس کے اندر بڑی مقدار میں کاربوہائڈریٹس اور کمپلیکس شوگر ہوتا ہے جو وزن بڑھانے کے معاملے میں انتہائی مفید ہیں؛ لہذا باقاعدگی سے اپنے روز مرہ کے کھانے میں آلو کو شامل کرنا چاہیے، یوں تو آلو کسی بھی طریقہ سے کھایا جائے بہر حال وہ مفید ہے؛ تاہم یہ احتیاط کرنا چاہیے وہ زیادہ تلا ہوا یا بھنا ہوا نہ ہو۔



گھی کا استعمال کریں

گھی بھی بہترین انسانی غذا ہے، گھی کھانے سے بھی وزن تیزی سے بڑھتا ہے، اس کے اندر saturated fats اور کیلوری کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو وزن بڑھانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں؛ البتہ گھی کا استعمال اعتدال میں رہ کر کیا جائے، اس کا استعمال کھانے کے ساتھ یا شکر میں ملاکر کیا جا سکتا ہے۔

کشمکش کا استعمال کریں

روزانہ ایک مشت کشمش کھانے کا معمول بنا لیں، کشمکش وزن بڑھانے میں مدد کرتا ہے اور جسم میں طاقت و توانائی پیدا کرتا ہے، اس کے علاوہ کشمش اور انجیر کو برابر مقدار میں بانٹ کر رات میں بھگو کر رکھ دیں اور صبح اسے تناول کر لیں، وزن بڑھانے میں یہ نسخہ بھی نہایت مددگار ہے۔



انڈے کا استعمال کریں

انڈے میں Fat اور کیلوری کافی مقدار میں موجود ہے؛ لہذا انڈے کا استعمال بھی وزن بڑھاتا ہے، انڈے کا استعمال پکاکر کرنا چاہیے، کچا انڈا کھانے سے صحت کے تعلق سے خطرناک بیماریاں ہو سکتی ہیں۔


کیلا کا استعمال کریں

کیلا نہایت لذیذ پھل ہے اس کے اندر بہت زیادہ مقدار میں کیلوری ہوتی ہے، وزن بڑھانے کے تعلق سے کیلے سے بہتر کوئی چیز نہیں؛ لہذا روزانہ کیلا کھانے کا معمول بنانا چاہیے، کیلے کا استعمال دودھ کے ساتھ بھی کیا جا سکتا ہے اور اس کا شیک بناکر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

بادام کا استعمال کریں

بادام بھی وزن بڑھانے کے حوالے سے مفید غذا ہے، وزن بڑھانے کے لیے اس کے استعمال کا طریقہ یہ ہے کہ تین چار عدد بادام رات کو پانی میں بھگوکر رکھ دیں اور صبح پیس کر دودھ کے ساتھ گھول کر پئیں ایسا ایک مہینہ مسلسل کرنے سے اس کا صاف اثر دکھنے لگےگا۔

اچھی نیند لینا

اکثر لوگ وزن بڑھانے سے نیند کا کوئی تعلق نہیں سمجھتے ہیں، اگر یوں کہا جائے کہ مناسب اور اچھی نیند لینے سے بھی وزن بڑھتا تو شاید لوگ اسے مذاق کہیں گے؛ لیکن یہ حقیقت ہے کہ اچھی نیند لینے سے بھی وزن بڑھتا ہے، لہذا ہر دن کم از کم آٹھ گھنٹے کی اچھی نیند ضرور لینی چاہیے، جس سے جسم کو راحت و سکون حاصل ہوگا اور جو بھی کھائیں گے اس کا اثر جلد ظاہر ہوگا۔



انار، چنا اور کھجور استعمال کریں

وزن بڑھانے میں یہ چیزیں نہایت مفید ہیں، انار کا جوس پینے اور چنا کے ساتھ کھجور کا استعمال کرنے سے بھی وزن تیزی سے بڑھتا ہے۔



وزن بڑھانے کے لیے یہ چیزیں نہ کریں

بعض لوگ تیزی سے وزن بڑھانے کے لیے کثرت سے Junk food کا استعمال کرنے لگ جاتے ہیں، اس کے علاوہ بہت سے افراد ادویات اور پروٹین سپلیمینٹ کا استعمال کرتے ہیں؛ یہ چیزیں اگر چہ وزن بڑھانے میں اپنا اثر تیزی سے دکھاتی ہیں؛ تاہم اس کے منفی اثرات اور نقصانات مستقبل میں بے شمار بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں؛ لہذا وزن بڑھانے کے لیے ان چیزوں کا استعمال نہیں کرنا چاہیے، بلکہ مذکورہ بالا غذاؤں کا استعمال کرکے ہی وزن بڑھائیں؛ تاکہ صحت پر کوئی منفی اثر ظاہر نہ ہو، نیز مشت زنی وغیرہ جیسے خبیث افعال سے بھی پرہیز کرنا چاہیے اور زیادہ سوچ و فکر میں مستغرق نہیں رہنا چاہیے یعنی ذہنی تناؤ اور ڈپریشن وغیرہ سے بچنا چاہیے؛ کیوں کہ یہ چیزیں جسم پر برا اثر ڈالتی ہیں اور اس سے وزن بھی گھٹے لگتا ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے